نئی دہلی ؍لدھیانہ، 8 ؍ستمبر((ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی، اس کی اتحادی اکالی دل اور کانگریس کے کارکنوں نے آپ لیڈروں کی مبینہ غیراخلاقی حرکت کے خلاف آج دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے ساتھ ریلوے اسٹیشنوں پر دھکا مکی کی۔پنجاب میں پارٹی کی انتخابی مہم کو آگے بڑھانے کے لیے کیجریوال نے چار روزہ ریاستی دورہ شروع کیا ہے۔دہلی بی جے پی خاتون مورچہ کی صدر کمل جیت سہراوت اور پارٹی کے ترجمان پروین کپور کی قیادت میں کارکنوں نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر پہنچے کیجریوال کی جانب چوڑیاں لہرائی اور نعرے بازی کی۔وہ ٹرین سے پنجاب جانے کے لیے صبح سات بجے پلیٹ فارم نمبر ایک پر پہنچے تھے۔کچھ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں اور کیجریوال کے ساتھ دھکا مکی بھی کی۔وہ کیجریوال سے آپ ممبران اسمبلی کی مبینہ غیر اخلاقی حرکات پر بولنے اور ایک مبینہ جنسی اسکینڈل کے بعد وزیر کے عہدے سے برخاست کئے گئے سندیپ کمار کا دفاع کرنے کے لیے بلاگ لکھنے پر آشوتوش کوبرخاست کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔عام آدمی پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور دہلی پولیس پر بی جے پی کی بعض خاتون مظاہرین کے ہاتھوں وزیر اعلی کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ منصوبہ بند واقعات کے دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔حالانکہ بی جے پی نے کسی طرح کی بدسلوکی کرنے کی بات سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ پارٹی کے کارکنان سیاسی احتجاج کر رہے تھے۔پروین کپور نے کہاکہ یہ افسوس ناک اور شرمناک ہے کہ جو لوگ پہلے عوام کے ساتھ باقاعدہ بات چیت کی بات کرتے تھے آج وہ سیاسی مخالفت کو حملہ قرار دیتے ہیں۔کیجریوال جیسے ہی لدھیانہ ریلوے اسٹیشن پر دہلی-لدھیانہ-امرتسر شتابدی ایکسپریس سے اترے ایک بار پھر حکمران اکالی دل کی نوجوان شاخ اور کانگریس کی خاتون شاخ کے کارکنوں نے ان کی مخالفت کی۔